تہران (این این آئی)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بریگیڈئیر جنرل حسین سلامی کو سپاہِ پاسداران انقلاب کا نیا کمانڈر انچیف مقرر کیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹی وی کی اطلاع کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے ۔انھوں نے یہ اقدام امریکا کے پاسدارانِ انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے چند روز بعد کیا ہے۔تاہم ایران کے
سرکاری ٹی وی نے بریگیڈئیر جنرل حسین سلامی کے اس طرح اچانک تقرر کی کوئی وجہ بیان نہیں کی ہے اور صرف یہ کہا ہے کہ سپریم لیڈر نے حسین سلامی کو پاسداران انقلاب کا نیا کماندارِ اعلیٰ مقرر کیا ہے اور وہ محمد علی جعفری کی جگہ لیں گے۔واضح رہے کہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے ایران میں ہونے والے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا اور اس نے پاکستان کے اندر کارروائی کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔