کوئٹہ(نیوز ڈیسک)انسداد دہشت گردی عدالت نے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ)کے رکن صوبائی اسمبلی سردار مسعود لونی کی گرفتاری کا حکم دے دیا ، سردار مسعود لونی اور سردار شیر افضل سمیت17 ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو نسداد دہشت گردی لورالائی کے جج محمد علی کاکڑ نے دہشتگردی کے مقدمہ میں نامزد ملزم رکن صوبائی اسمبلی سردار مسعود لونی کی گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے اور ملزم کی عدم گرفتاری پر ایس پی،
ایس ایچ او اور تفتیشی افسرکو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا عدالت نے آئی جی پولیس ،ڈی آئی جی لورالائی کوملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم کردیا ،دوران سماعت عدالت کے ریمارکس تھے کہ دہشت گردی کیس میں مطلوب ملزم کیسے الیکشن لڑ کر ایم پی اے بن گیا؟،واضح رہے کہ سردار مسعود لونی کے خلاف دکی میں دو مقدمات80/17 اور07/18 درج ہیں جن میں سے ایک مقدمہ سردار میر غوث کبزئی کے اغواء جبکہ دوسرا مقدمہ ایف سی کی مدعیت میں درج ہے۔