واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکا کے معاون وزیر دفاع رینڈل شرائیور نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا دوست اور اہم شراکت دار ہے، جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں‘پاکستا ن کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ‘پاک امریکہ فوجی تعلقات ہمیشہ بنیادی اہمیت کے حامل رہے ہیں اور پاکستانی افواج کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے واشنگٹن میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع و شہداء کے حوالے سے منعقد ہ تقریب کے
دوران رینڈل شرائیور کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستانی افواج کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔امریکی معاون وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کا دورہ پاکستان بہتر رہا اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مائیک پومپیو اور ڈنفورڈ کے دورہ پاکستان کے بعد بہتر تعلقات کے لیے پْر امید ہیں۔