اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے سول سروس اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی۔کابینہ ڈویژن نے ٹاسک فورس کے ضابطہ کار (ٹی او آرز) بھی جاری کردیے ہیں جس کے مطابق ٹاسک فورس ایکشن پلان پرعمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے مانیٹرنگ مکینزم تیار کرے گی۔ ٹاسک فورس وزیراعظم اور کابینہ کی جانب سے بھیجے گئے معاملات کو بھی دیکھے گی، ٹاسک فورس پلان پرعمل درآمد کے لیے مطلوبہ قانون سازی بھی کروائے گی۔
ٹاسک فورس وفاق اور صوبائی سطح پر پبلک سروس اسٹرکچر ڈیزائن کرے گی، وفاقی، صوبائی سطح پر ہیومن ریسورس پالیسیز، منیجمنٹ، ریکروٹمنٹ، ٹریننگ اور کیریئر پلاننگ کے امور بھی دیکھے گی۔اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹرعشرت حسین کو ٹاسک فورس کاچیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ ٹاسک فورس میں 19 ارکان شامل کئے گئے ہیں۔کابینہ ڈویڑن نے وزیراعظم کی منظوری کے بعد ٹاسک فورس کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔