نئی دہلی/ واشنگٹن(آئی این پی)چین سے تجارتی جنگ میں امریکہ حواس باختہ ہوگیا۔ امریکا نے بھارت کو حساس فوجی ٹیکنالوجی دینے کا اعلان کر دیاہے ۔ ،دونوں ممالک جنگی مشقیں بھی کرینگے،اس حوالے سے بھارت اور مریکا نے مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور امریکا کے درمیان مواصلات اور سیکیورٹی کے معاہدوں سمیت افغان امن عمل اور دہشت گردی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
نئی دلی میں امریکی اور بھارتی وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی اور سیکیورٹی تعاون کو بڑھانا ہے،ملاقات میں بھارت اور امریکا نے امن،خوشحالی اور سیکیورٹی کی عالمی کوششوں کی سربراہی جاری رکھنے کا عہد کیا۔ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان علاقائی و عالمی مسائل کے حل کے لیے ہر پلیٹ فارم بشمول اقوام متحدہ اور ایف اے ٹی ایف استعمال کرنے کا اعادہ کیا گیا ہے،دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے درمیان محفوظ کمیونی کیشن قائم کرنے کا بھی فیصلہ ہوا،امریکا نے بطور اہم دفاعی شراکت دار بھارت کی اسٹرٹیجک اہمیت کا اعتراف کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی سازو سامان کی تجارت اور پیداواری رابطوں میں توسیع کا فیصلہ بھی ہوا۔دونوں ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی سیکیورٹی پر مذاکرات شروع کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی اور نئی جنگی مشقوں کے ساتھ فوجیوں کے تبادلوں کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق بھارت اور امریکا کے درمیان سمندری سیکیورٹی اور بحری علاقائی سالمیت میں توسیع کا اعادہ کیا گیا، مغربی بحرہ ہند میں دونوں ملکوں کے درمیان بحری جنگی تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی ہوا۔بھارت اور امریکا نے اقوام متحدہ اور ایف اے ٹی ایف جیسے بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں ملکوں نے انسداد دہشت گردی تعاون میں توسیع اور معلومات کے تبادلے میں
اضافے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ بھارت اور امریکا کے درمیان سول ایٹمی توانائی پارٹنرشپ کے مکمل اطلاق پر رضامندی بھی ظاہر کی گئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اگلی ٹو پلس ٹو ملاقات 2019 میں امریکا میں ہونے پر بھی اتفاق کیا ہے۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ بھارت کے این ایس جی گروپ میں شمولیت پر مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مل کر کام کر رہے ہیں
اور افغانستان کے لیے امریکی صدر کی پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔بھارت کی وزیر دفاع نرملا ستھا رامن کا کہنا تھا کہ ملاقات میں امن، ترقی کے لیے تعاون کا اعادہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور بھارت سیکیورٹی چیلنجز،دہشتگری کے خلاف جنگ میں تعاون کریں گے۔بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کمیونیکیشن اور سیکیورٹی معاہدے پر دستخط سے نئی دلی کو امریکا کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی ملے گی۔