وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے اور حلف کو غیر آئینی قرار دینے کے کیس کی جلد سماعت کے لیے متفرق در خواست دائرکر دی گئی لاہور (یوپی آئی) وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے اور حلف کو غیر آئینی قرار دینے کے کیس کی جلد سماعت کے لیے متفرق در خواست دائر کر دی درخواست میں
وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹ نہ دینے والے ممبران کو فریق بنایا گیا ہے متفرق درخواست میں وزیر اعظم عمران خان، الیکشن کمیشن، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست ماہر قانون اے کے ڈوگر نے دائر کی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے ووٹ نہیں دیئے۔ قانون کے مطابق وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے پارلیمنٹ کے ہر ممبر کا ووٹ کاسٹ کرنا ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی ایوان میں موجود رہی لیکن ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی نے وزیر اعظم کے الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ دو بڑی سیاسی جماعتوں کے 69 ووٹوں کے بغیر وزیر اعظم منتخب کیا گیا جو قانون کے منافی ہے لہٰذا جب وزیر اعظم کا الیکشن درست نہیں ہوا تو حکومت تشکیل نہیں پا سکتی. پاکستان میں بھی انتخابات کے دوران ہر بالغ شہری کا ووٹ ڈالنا لازمی قرار دے۔ عدالت عمران خان کو وزیر اعظم منتخب کرنے کا اقدام غیر آئینی قرار دے۔