طویل عرصے بعد قوم اور دنیا نے پاک فوج کو بے فکر دیکھا،جی ایچ کیو میں بھی حیران کن تبدیلی نظر آئی اسلام آباد( آن لائن) طویل عرصے بعد نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری دنیا نے پاک فوج کو بے فکر دیکھا۔ یوم دفاع کی یہ تقریب کیفیت کے اعتبار سے ماضی میں منائے گئےیوم دفاع کی تقاریب سے یکسر مختلف تھی۔
جس تبدیلی کا ملک بھر میں چرچا ہے وہ تبدیلی جی ایچ کیو میں بھی نظر آئی۔ بھارت پاکستان کا واحد دشمن ملک ہے اور مملکت خداداد کو ہر طرح سے تباہ کرنے اور پاکستانی قوم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا رہتاہے۔ اس کے نہ جانے کتنے کلبھوشن نیٹ ورکس ہماری دھرتی پر کام کر رہے ہیں۔ طویل عرصہ بعد جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی اس منفرد تقریب میں قوم کو واضح پیغام ملا کہ تبدیلی ہر سطح پر آئی ہے۔ بھارت دوست نہیں دشمن ملک ہے اور اس کی بد بودار سوچ سے قوم کو آگاہ کرنے کا جو عمل ماضی کی دو دہائیوں میں بند ہو گیا تھا وہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ آری چیف کی تقریر نے اس تبدیلی پر مہر تصدیق ثبت کی جبکہ وزیراعظم عمران خان کی تقریر اور اس تقریر پر حاضرین کی تالیوں کی گونج نے جی ایچ کیو میں تبدیلی کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان کی حکومت بننے کے بعد سے آرمی چیف ہنستے ہوئے نظر آئے ہیں۔ یوم دفاع کی تقریب میں بھی جنرل باجوہ اور دیگر جرنیلوں کے چہرے کھلے ہوئے تھے ۔ خوشگوار تبدیلی کا یہ عالم تھا کہ ہر جرنیل وزیراعظم کی تقریر پر مسکرا مسکرا کر تالیاں بجا رہا تھا۔