لاہور (آن لائن) بحرین کے شاہی خاندان کے رکن شیخ احمد بن علی عبداللہ الخلیفہ کی جانب سے سردار عثمان بزدارکو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکبادپیش کی گئی ہے۔شیخ احمد بن علی عبداللہ الخلیفہ نے خط میں نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی خدمت کرنے کی آپ کی صلاحیت ہر شک و شبہ سے بالاتر ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کی رہنمائی اور عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
بحرین کے شاہی خاندان کے رکن کی جانب سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خصوصی مراسلہ پاکستانی بحرین فرینڈ شپ سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری رانا عبدالرشید اور گلف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیدار شیخ ساجدنے پیش کیا۔وائس چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ غازی خان سردار جاوید اقبال قیصرانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔شیخ احمد بن علی عبداللہ الخلیفہ کی جانب سے سردار عثمان بزدار کو بحرین کے دورہ کی دعوت بھی دی گئی۔شیخ احمد بن علی عبداللہ الخلیفہ نے کہاکہ بحرین آپ کا دوسرا گھر ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دورے کی دعوت شکریہ کے سا تھ قبول کر لی ۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بحرین میں اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے انویسٹمنٹ کانفرنس کرائی جائے گی،جس کا اہتمام اور اخراجات اوورسیز پاکستانی رضا کارانہ طو رپربرداشت کریں گے۔ اوورسیز پاکستانیز کا کہنا ہے کہ بحرین کے سرمایہ کاروں کو موجودہ حکومت کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے۔بحرین میں بسنے والے پاکستانی مختلف شعبوں میں تعاون اورسرمایہ کاری کر یں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کے 100روزہ ایجنڈے کی تکمیل کے لئے بھی ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔وزیراعلیٰ نے پاک بحرین فرینڈ شپ سوسائٹی اور گلف چیمبر آف کامرس انڈسٹری کا شکریہ ادا کیا ۔