لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کرنے کا وعدہ تھا مگر چیف سیکرٹری پنجاب نے الٹا سیاسی مداخلت کی شکایت کرنے والے بیوروکریٹس کو ہی جھاڑ پلا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے گزشتہ روز ویڈیولنک اور سکائپ کے ذریعے پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز سے میٹنگ کی اور سیاسی مداخلت کی شکایت کرنے والے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں حکم دیا کہ وہ سیاسی مداخلت کی
شکایت کرنے سے باز رہیں۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے سیاسی لیڈروں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد نے قومی اخبار دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری نے کسی کو بھی میڈیا سے بات کرنے سے نہیں روکا تاہم انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ سیاسی دخل اندازی کی شکایت کرتے ہوئے سب افسران چین آف کمانڈ کا احترام کریں۔