لندن(نیوزڈیسک)برطانیہ اسحاق ڈار، حسن اور حسین نواز کو پاکستان کے حوالے کرنے پر تیار ہوگیا، تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے برطانیہ میں موجود پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کی پاکستان واپسی کے حوالے سے تعاون کا عندیہ دیدیاہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ
پاکستان کی درخواست آئی تو میرٹ کے مطابق غور کریں گے انہوں نے اس موقع پر پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے تعاون کی بھی پیشکش کی ، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد میں ’’بعد از بریگزٹ خارجہ پالیسی کے تناظر میں پاک۔برطانیہ تعلقات‘‘ پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے قابل قدراقدامات اٹھا کر ایف اے ٹی ایف کے معاملہ پر گذشتہ 5 مہینوں میں بہت اچھا کام کیا ہے اور ہم اب نئی پاکستانی حکومت کو ایف اے ٹی ایف کے مسئلہ کے حل اور گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کو تیار ہیں، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ پاکستان کے بارے میں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی کوریج ہمیشہ مناسب نہیں ہوتی، پاکستان کے استحکام، سیکیورٹی اور خوشحالی میں برطانیہ کا بہت زیادہ براہ راست اور منفرد مفاد ہے، ہمیں بعض مشترکہ مواقع اور چیلنجز کا سامنا ہے۔اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹوں سمیت منی لانڈرنگ میں ملوث پاکستانی ملزمان کی واپسی کیلئے برطانیہ کے کسی ادارے سے رابطے سے متعلق سوال کے جواب میں برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ انفرادی طورپر ایسے کیسز پر تبصرہ نہیں کرسکتے تاہم ہم میرٹ پر پاکستان حکومت کی کسی درخواست پر غور کریں گے۔