لاہور ( این این آئی) ڈپٹی کمشنر راجن پور اللہ دتہ وڑائچ نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نصراللہ دریشک اور صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ مال اور بارڈرملٹری پولیس میں تقررریوں و تبادلوں کے لئے دباؤڈال رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر راجن پور اللہ دتہ واڑائچ نے کمشنر کو خط کے ذریعے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نصراللہ دریشک، صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک اور سابق ایم پی اے کی جانب سے محکمہ مال اور بارڈر ملٹری پولیس میں تقرری و تبادلے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنر اللہ دتہ نے خط میں لکھا ہے کہ سردار نصراللہ دریشک نے یکم ستمبر کو صبح 10 بجے فون کیا تاہم میں اجلاس میں ہونے کی وجہ سے فون نہیں سن سکا، پھر مجھے ایس ایم ایس کے ذریعے پیغام دیا گیا کہ اپنے کاموں سے فارغ ہوکر بات کریں۔خط میں ڈپٹی کمشنر نے تبادلوں کے لئے تمام رابطوں اور ماتحت اسٹاف کے ساتھ ارکان اسمبلی کی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کو تمام صورتحال سے آگاہ کررہا ہوں، لہٰذا ایم این اے اور صوبائی وزیر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انصاف کی حکمرانی پریقین رکھتی ہے،ڈپٹی کمشنراورمقامی ارکان اسمبلی سے مکمل تفصیلات لیکررپورٹ پیش کی جائے۔