اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان آصف علی زرداری سے ملاقات میں صدر کے عہدے سے دستبردار ہونے کے لیے تیار ہو گئے، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ
مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے، اگر شہباز شریف مان جائیں تو میں دستبردار ہونے کو تیار ہوں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے اعتزاز احسن کی حمایت نہیں کر سکتے۔ ن لیگ کسی صورت میں اعتزاز احسن کو سپورٹ نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں اعتزاز احسن کا نام واپس لینے کے لیے کہا، لیکن صدارتی الیکشن سے قبل اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش آصف علی زرداری کے انکار نے ناکام بنا دی، ن لیگ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے صدارت کے لیے نامزد امیدوار مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان صدارتی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے اعتزاز احسن کو ان کے حق میں دستبردار کروانے کی اپیل کی لیکن آصف علی زرداری نے انکار کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے سینیٹر اعتزاز احسن کو صدارتی الیکشن کیلئے مولانا فضل الرحمان کے حق میں دستبردار کروانے سے انکار کر دیا ہے۔ آصف زرداری کے انکار سے تحریک انصاف کے صدارت کے امیدوار کی جیت یقینی لگ رہی ہے۔