نئی دہلی (آ ئی این پی ) سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے عمران خان کی زبان سے نکلنے والے الفاظ پر بھروسہ ہے، عمران خان بارش کے بعد اٹھنے والی سوندھی خوشبو اور تبدیلی کی آس ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سابق بلے باز نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
عمران خان پر بھروسہ ہے ایک سیٹ سے کامیابی کا سفر شروع کرنیوالا آج وزیرا عظم بن گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بارش کے بعد اٹھنے والی سوندھی خوشبو اور تبدیلی کی آس ہیں۔واضح رہے سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو اور سدھو کو آخر کار پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حلف برداری کے با ضابطہ دعوت نامے مل گئے۔پی ٹی آی چیئرمین عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب 18 اگست کو ہوگی،کپل دیو اور سدھو نے دعوت نامے ملنے کی تصدیق کر دی ہے،دونوں سابق کرکٹرز حلف برداری کی تقریب سے ایک روز قبل پاکستان پہنچیں گے۔نوجوت سدھو کا عمران خان سے کرکٹ کے حوالے سے 30 سال کا تعلق رہا ہے، دعوت نامہ ملنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ عمران کی جانب سے مجھے ذاتی طور پر بھی دعوت دی گئی، ہم دونوں نے کچھ منٹ تک گفتگو بھی کی، میں نے انہیں ان کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی اور نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔