اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو صبح 10 بجے طلب کرلیا۔25 جولائی کو عام انتخابات 2018 کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ملک میں اب انتقال اقتدار کا مرحلہ شروع ہوگیا۔8 اگست کو نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری بھجوائی گئی تھی، جس میں اجلاس 12 سے 14 اگست کے درمیان بلانے کا کہا گیا تھا۔
نگران وزیراعظم نےنومنتخب اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش کی، جس کے لیے سمری منظوری کے لیے صدر مملکت کو بھجوائی گئی تھی۔صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز سمری کو منظور کرتے ہوئے اسے پارلیمانی امور کو بھجوا دیا تھا۔13 اگست کو ہونے والے پہلے اجلاس میں نومنتخب اراکین قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی ہوگا۔