دہلی (آن لائن) نامور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کو جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبا سے اظہار یکجہتی کرنا مہنگا پڑگیا سوشل میڈیا پر دپیکا کے خلاف ایک بار پھر ”بائیکاٹ دپیکا“ مہم شروع ہوگئی۔5 جنوری کو دہلی کی معروف جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں نقاب پوش ہندو انتہا پسندوں نے جامعہ کے طالب علموں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا یہاں تک کہ اخلاقیات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ہوئے خواتین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس میں طلبا یونین کی سربراہ ایشے گھوش سمیت 30 افراد شدید زخمی ہوگئے۔رپورٹس کئے مطابق یونیورسٹی کے طلبا پر حملہ کر نے والے
نقاب پوش افراد آر ایس ایس اور بجرنگ دل کے کارکن تھے جنہیں کیمپس میں موجود راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور بی جے پی کی طلبا تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشاد(اے بی وی پی)کے کارکنوں کی حمایت حاصل تھی۔تاہم گزشتہ روز دہلی پولیس نے تشدد کا نشانہ بننے والے طالب علموں کے خلاف ہی سیکیورٹی گارڈز پر حملہ کرنے اورتوڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ طلبا پر نقاب پوش انتہا پسندوں کے حملے کے خلاف نہ صرف طلبا احتجاج کررہے ہیں بلکہ بالی ووڈ اسٹارز نے بھی طلبا پر تشدد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔