اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی کی موت کو تین دن گزرجانے کے باوجود ان کی لاش بھارت منتقل نہ کی جاسکی ہے۔ لاش بھارت منتقل نہ ہونے بارے انکشاف ہوا ہے کہ دبئی کے حکام نے موت کی تحقیقات مکمل ہونے تک سری دیوی کی لاش دینے سے انکار اور سری دیوی کے شوہر بونی کپور کو دبئی سے جانے سے روک دیا ہے جبکہ ٹیلی فون کالزکی
چھان بین ، ہوٹل سٹاف اور فیملی ممبران سے پوچھ گچھ کا فیصلہ کرلیاگیا۔بھارتی اخبار ٹائمزآف انڈیا کے مطابق دبئی کے تفتیشی حکام سری دیوی کی موت کا سبب بنے والے واقعات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس ضمن میں ہوٹل سٹاف، سری دیوی کے شوہر سمیت ساتھ موجود دیگر افراد سے پوچھ گچھ کی کیونکہ دبئی میں اگر کوئی شخص ہسپتال سے باہر انتقال کرجائے تو اس کی موت کی تحقیقات کی جاتی ہیں ۔ دبئی کے تفتیشی حکام جمیرہ ایمریٹس ٹاور کے کمرہ نمبر 2201سے لاش کی برآمدگی تک تمام واقعات کا تسلسل بنانے کی کوشش میں ہیں اور دبئی پولیس کے ذرائع نے بتایاکہ منگل کو پوچھ گچھ مکمل ہونے کے بعد ہی سری دیوی کی لاش کو بھارت منتقلی کی اجازت دی جائے گی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ دیکھنے کے بعد کچھ سوالات نے جنم لیا جن پر ہم نے تفتیش کا فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق سری دیوی کے شوہر بونی کپور سے بھی دبئی میں وزارت داخلہ کے دفتر میں پوچھ گچھ کی گئی جبکہ شادی کرنیوالے موہت مارواہ کی فیملی سے بھی تفتیش کی گئی ، یہ بھی انکشاف ہوا کہ متعلقہ ہوٹل کے عملے سے بھی سوال و جواب کیے گئے ۔ یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ اگر دبئی پبلک پراسیکیوشن نے ضرورت محسوس کی تو سری دیوی کی لاش کا ایک اور پوسٹمارٹم بھی کیا جاسکتا ہے جبکہ بھارت سے سری دیوی کا میڈیکل ریکارڈ بھی طلب کرلیاگیا۔