ممبئی (این این آئی)بالی وڈ فلم انڈسٹری کے سینئر ادکار دھرمیندر کا کہنا ہے کہ انڈسٹری سبزی منڈی بن گئی،ایوارڈلینے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے مجھ سے نہیں ہوتے ۔ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر نے بھارتی فلم انڈسٹری کو ’’سبزی منڈی‘‘ قرار دے دیا۔ اپنے حالیہ انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں فلم انڈسٹری
ہمارے دور کی انڈسٹری سے بہت الگ ہے اور اب یہ سبزی منڈی بن گئی ہے ۔ جس طرح منڈی میں سبزیاں خریدی اور بیچی جاتی ہیں اسی طرح یہاں بھی جم کر سودے بازی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کل فلم سٹار پیسوں کیلئے کہیں بھی گانے اور ناچنے کو تیار ہوجاتا ہے اور یہی نہیں یہ پیسوں کیلئے مالشی بھی بننے کو تیار رہتے ہیں ۔ دھرمیندر کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں اداکار پوری توجہ اور محنت سے کام کرتا تھا لیکن آج کل اداکار صرف
پیسوں کیلئے کام کر رہاہے کیونکہ ان کیلئے پیسہ ہی سب کچھ بن گیا ہے ۔ ایوارڈ نہ ملنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فلم نگری میں ایوارڈ لینا آنا چاہیے لیکن میں اتنا شاطر نہیں تھا اور نہ ہی مجھ میں ایسی کوئی خوبی تھی جبکہ اداکار ایوارڈ لینے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اپناتے ہیں جو مجھ سے نہیں ہوتے ۔