اسلام آباد(نیوزڈیسک)ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور ان کے پروگرام ’’ایسے نہیں چلے گا‘‘ پر پابندی عائد کرتی گئی ہے، پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بول نیوز پر نشر ہونیوالے پروگرام کو فوری طورپر بند کرنے کا حکم جاری کیاگیا ہے۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی پر عامر لیاقت حسین اور ان کے پروگرام پر پابندی عائد کی،
بتایاگیا ہے کہ عامر لیاقت حسین اور ان کے پروگرام پر یہ پابندی پیمرا (ترمیمی) ایکٹ 2007 کی دفعہ 27 کے تحت عائد کی گئی ہے۔پیمرا نے انتباہ کیا ہے کہ اگر نیوز چینل اس فیصلے کا اطلاق نہیں کرتا تو چینل کا لائسنس بھی منسوخ کردیا جائے گا۔عامر لیاقت نے پیمرا الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی کرتے رہے۔بول نیوز کو جاری حکم نامہ کے مطابق عامر لیاقت بول نیوز کے کسی پروگرام (نئے یا نشرِ مکرر) میں بطور میزبان ،مہمان ، تبصرہ نگار، رپورٹر ، ایکٹر، اینکر پرسن، آڈیو یا وڈیو بیپر یا کسی بھی حیثیت میں شرکت نہیں کر سکیں گے نہ ہی انہیں اس چینل پر چلنے والی کسی اشتہاری مہم ، آڈیو یا وڈیو ریکارڈنگ کی اجازت ہوگی۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’اگر عامر لیاقت کسی اور ٹی وی چینل پر اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے تو اْس ٹی وی چینل کے خلاف بھی پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007)کی دفعہ 27کے تحت فوری کارروائی کی جائے گی۔