ممبئی(این این آئی)بالی ووڈ کے سپر اسٹار سنجے دت نے بھارت کو بچوں اور خواتین کیلئے غیر محفوظ ملک قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کی خودمختاری، تحفظ اور تشدد کے خاتمے پر یقین رکھتے ہیں۔سنجے دت جیل سے سزا پوری کرنے کے بعد رہا ہوچکے ہیں اور فلم ’’بھومی‘‘ کے ذریعے ایک بار پھر فلم نگری میں واپسی کررہے ہیں۔فلم کی تشہیری مہم کے دوران صحافی نے سنجے دت سے بھارت میں خواتین اور بچوں
پر تشدد کے واقعات پر سوال کیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت خواتین اور بچوں کیلئے غیر محفوظ ملک ہے۔ گڑگاؤں میں اسکول کے بچے کا قتل بھی ہماری سوسائٹی کیلئے شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بھی بال بچوں والا ہوں اور خواتین پر تشدد اور جنسی زیادتی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں جبکہ میں خواتین کی خودمختاری، تحفظ اور تشدد کے خاتمے پر یقین رکھتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ہونے والے حالیہ واقعات ہم نے اپنے بچپن میں سنے بھی نہیں تھے لیکن اب علم نہیں کہ حالا ت کو کیا ہوا رہا ہے۔ ہمارا انصاف کا نظام بہت سست ہے۔