لاہور (آن لائن)ہندوستان میں تو ایسا کئی مرتبہ ہوا ہے جب کسی نامور شخصیت کے انتقال کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تاہم اب ان جھوٹی افواہوں کا سامنا پاکستانی گلوکار بلال خان کو بھی کرنا پڑ گیا۔ مقامی روزنامے میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ان افراد کا ذکر کیا گیا جو اپنے کریئر کے عروج پر کم عمری میں ہی دنیا سے رخصت ہوگئے، ان میں قوال امجد صابری، گلوکارہ نازیہ حسن، اداکارہ ثنا خان، ماڈل قندیل بلوچ اور اداکار بلال خان شامل ہیں۔
تاہم حیران کن بات یہ تھی کہ اس مضمون میں اداکار بلال خان کی جگہ گلوکار بلال خان کی تصویر شائع کردی گئی، جس کے بعد شائقین میں بے چینی پھیل گئی۔تاہم گلوکار نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مذکورہ اخبار کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے ‘جھوٹی خبر’ قرار دیا اور وضاحت کرتے ہوئے لکھا 92 نیوز کا دعوی ہے کہ میرا انتقال ہوگیا، لیکن ایسا نہیں ہے، میں زندہ ہوں۔اگر اس خبر پر غور کیا جائے تو دراصل یہاں اداکار بلال خان کا ذکر کیا جارہا تھا جن کا انتقال 2010 میں 31 سال کی عمر میں ایک حادثے میں ہوا۔بلال خان اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ماڈل بھی تھے جنہوں نے کئی مقبول ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔انہوں نے 2002 میں پہلا سجدہ نامی فلم کے ساتھ لولی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔