اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر دلیپ کمار کی موت کی جھوٹی خبر شائع کی گئی، جس کے بعد ادکار اور اُن کے اہل خانہ کو مداحوں کی جانب سے تواتر سے کالز اور پیغامات موصول ہوئے۔عزیز و اقارت اور مداحوں پر دلیپ کمار کی موت کی خبر سُن کر مداح افسردہ ہوگئے اور اپنے ہر دل عزیز اداکار کی خیریت معلوم کرنے کی کوشش میں لگے رہے،
لاکھوں شائقین نے خبر کی تصدیق کے لیے اداکار اور اُن کے اہل خانہ کو سلسلہ وار کالز کیں۔مداحوں کی کالز اور پریشانی کو دیکھتے ہوئے دلیپ کمار نے ٹوئٹر کا سہارا لیا اور اپنی موت کی خبر کو جھوٹ قراردیا، انہوں نے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے خیریت دریافت کی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دلیپ کمار نے مداحوں کے نام پیغام لکھا کہ علالت کے باعث وہ مداحوں سے دور رہے تاہم اُن تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ایک اور پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے رمضان میں میری صحت کافی بہتر ہے تاہم باقاعدگی سے ادویات لینے کی وجہ سے وہ روزہ رکھنے سے اجتناب کررہا ہوں۔دلیپ کمار نے کہا کہ ’’ایوارڈز کی کئی تقریبات کے دعوت نامے موصول ہوئے جو میرے لیے فخر کی بات ہے تاہم صحت کی خرابی کے باعث سفر کرنے سے قاصر ہوں اور اُن تمام لوگوں سے معذرت کرتا ہوں جن کی تقریبات میں شرکت نہ کرسکا‘‘۔