ممبئی( آن لائن ) بولی وڈ اداکار ورن دھون نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ ورن دھون نے ایک تقریب کے دوران فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے اپنا ایک تجربہ شیئر کیا اور پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کردیا۔ورن کا کہنا تھا ’میں فلم کی شوٹنگ کے لیے 55 یا 60 دنوں تک ابوظہبی میں رہا، میرا ڈرائیور پاکستانی تھا جس کا تعلق اسلام آباد سے تھا، ان کی عمر 65 سال کی تھی اور میں ان سے بے حد متاثر ہوا، میں جب بھی ان سے ہندوستان اور پاکستان کے حوالے سے سوال کرتا وہ مجھے یہی جواب دیتے کہ دونوں کے درمیان ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے، وہ مجھے کھانے کی بھی بہترین جگہوں پر لے کر جاتے‘۔ورن کا مزید کہنا تھا کہ انہیں فلم میں عربی کے کچھ جملے بولنے تھے اور انہوں نے اس کے لیے وہاں موجود اپنے ڈرائیور سے مدد بھی لی۔ورن نے پاکستان ا آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ہمارے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ایک دن وہ بھی پاکستان ضرور آنا چاہیں گے۔