نئی دہلی(آئی این پی)بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی ویرات کوہلی کو کون نہیں جانتا، اس کھلاڑی نے اپنی شاندار بلے بازی کی بدولت ہر کسی کو اپنا گرویدہ بنا رکھا ہے۔ اپنی اس کارکردگی کی بدولت ویرات کوہلی دنیا بھر کے میڈیا کی کوریج میں رہتے ہیں۔ وہ کرکٹ کے علاوہ کیا کرتے ہیں؟ سب کچھ میڈیا کی بدولت ان کے شائقین کے علم میں رہتا ہے۔ ویرات کوہلی کے بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ دوستی اور محبت کے قصے بھی زبان زد عام ہیں۔ کچھ عرصہ قبل دونوں میں علیحدگی بھی ہو گئی تھی تاہم اب یہ رشتہ دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ویرات کوہلی بالی ووڈ حسینہ انوشکا شرما کی زلفوں کے اسیر بن چکے ہیں اور ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں لیکن آپ جان کر حیران ہونگے کہ انوشکا شرما ان کی پہلی محبت نہیں بلکہ وہ لڑکی کوئی اور ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی کی پہلی محبت بھارتی اداکارہ کرشمہ کپور تھیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے خود ایک ٹی وی انٹرویو میں کیا تھا۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب کرشمہ کپور بالی ووڈ پر راج کرتی تھیں اور کروڑوں دلوں کی دھڑکن تھیں، جن میں ویرات کوہلی بھی شامل تھے۔