راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا ہے کہ میں اپنے کیریئر کے دوران جتنی محنت سے کھیلا ہوں وہ صرف میں جانتا ہوں یا میری ماں جانتی ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق شعیب اختر نے بتایا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے ہمارے لڑکوں کو پیسے ملے ٗ یہ بہت زبردست آئیڈیا ہے اور میں پی ایس ایل کا مستقبل شاندار دیکھتا ہوں ٗپاکستان ٹیم میچ نہ بھی جیتے تو خیر ہے تاہم لڑنے والی بن جائے تو کافی ہے لڑکوں میں جذبہ ہے مگر انہیں ویڑن کا بھی پتا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا میں پاکستانی ٹیلنٹ کی بہت زیادہ قدر کی جاتی ہے اور بالی ووڈ سٹارز کے اند ر کرکٹر چھپا ہوا ہے ٗ بالی ووڈ سٹار سلمان خان نے مجھ سے فرمائش کی کہ اپنی تیز ترین گیند کی تصویر لاکر دو جو میں نے اپنے والد کے کمرے میں لٹکانی ہے اور ان کے والد سلیم خان کے کمرے میں آج بھی میری تصویر لگی ہوئی ہے ۔قومی ٹیم کے نئے کوچ مکی آرتھر کے حوالے سے شعیب اختر نے کہاکہ مکی آرتھر کے کئی تنازعات رہے ہیں ٗماضی میں ان کو پاکستان کی طرف سے قانونی نوٹس بھی بھیجا جاچکا ہے تاہم پھر بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔پروگرام کے دوران میزبانوں کے ہمراہ سیلفی لیتے ہوئے شعیب اختر نے سیلفی کنگ احمد شہزاد کو بھی رگڑا لگادیا اور کہنے لگے احمد شہزاد نے کہا ہے کہ میری ٹیم میں سلیکشن ہو یا نہ ہو میں سیلفی لینا نہیں چھوڑوں گا۔موسیقی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حج کرنے سے پہلے موسیقی سنتا تھا تاہم اب کوئی بھی فیورٹ سنگر نہیں ہے اور نہ ہی موسیقی سنتا ہوں ، اب صرف بیوی کی باتیں سنتا ہوں ٗاپنی کرکٹ کے دوران بہت زیادہ محنت کیا کرتا تھا اور میری محنت کے بارے میں میری ماں جانتی ہے یا میں جانتا ہوں۔ اتنی محنت کے بعد پاک بھارت میچ کے دوران سٹیڈیم میں رش کی وجہ سے جوش بڑھ جاتا تھا۔