لاس اینجلس(این این آئی) بالی ووڈ میں جنگلی بلی کے نام سے مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی ووڈ فلموں میں مصروفیت کے باعث امریکا میں اپنے لیے نیا گھر لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد انہوں نے نیویارک میں اپنے لیے گھر کی تلاش شروع کردی ہے۔بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے فلمی کیرئیر میں متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس کے باعث ان کا شمار فلم نگری کی صف اول کی اداکاراو¿ں میں ہوتا ہے جب کہ بالی ووڈ میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد وہ ہالی ووڈ میں بھی قدم جمانے میں کامیاب ہوگئی ہیں جس کے بعد اب انہوں نے امریکا میں عارضی طور پر رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ہالی ووڈ فلم ”بے واچ“ کی شوٹنگ کے باعث امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں موجود ہیں جبکہ فلم کی تکمیل کے بعد انہیں ایک اور ٹی وی سیریل ”کوانٹیکو“ کی نئی سیریز میں بھی مرکزی کردار کے لیے چن لیا گیا ہے جس پرانہوں نے امریکا میں عارضی طور پر رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے نیویارک میں گھر کی تلاش شروع کردی گئی ہے جس میں ان کی والدہ بھی ان کا ہاتھ بٹا رہی ہیں۔واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی امریکی ٹی وی سیرل ”کوانٹیکو“ میں کردار کو بے حد سراہا گیا تھا۔