نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب بولی ووڈ انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ تینو ں خانز کواکٹھا کرنے کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی سرکار کے 2سال مکمل ہونے پر دارالحکومت نیو دہلی میں انڈیا گیٹ کے مقام پر26مئی کے روز خصوصی تقریب “زرا مسکرا دو” کا انعقاد کیا جائے گا۔مذکورہ تقریب میں تینوں خانز انڈسٹری کی دیگر قابل ذکر شخصیات کے ہمراہ شرکت کریں گے۔وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان کو خصوصی دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں۔زرائع کے مطابق تقریب کا افتتاح میگا سٹار امیتابھ بچن کریں گے۔رپورٹ کے مطابق تقریب میں60,000افراد کی شرکت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔علاوہ ازیں ”زرا مسکرا دو“کے عنوان سے منعقد کی جانے والی یہ تقریب 8گھنٹے تک جاری رہے گی جس میں مودی سرکار کے دور حکومت میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو ہائی لائٹس کی صورت میں عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ مذکورہ تقریب ملک بھر میں براہ راست نشر کی جائے گی۔