ممبئی(نیوزڈیسک) کسی زمانے میں سلمان خان اور ایشوریا رائے کی محبت کے قصے عام تھے لیکن جب ایشوریا پیا گھر چلی گئیں تو یہ کہانی دم توڑ گئی لیکن دونوں کے دل میں ایک دوسرے کےلئے اب بھی جگہ موجود ہے جس کا ثبوت ایشوریا رائے نے سلمان خان کی اولمپک میں خیر سگالی کے سفیر کی تقرری کی حمایت کرکے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو بھارتی حکومت نے جب سے ریو اولمپک میں بھارت کی نمائندگی کے لیے خیر سگالی کا سفیر مقرر کیا ہے تب سے بعض حلقوں کی جانب سے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس میں شوبز سمیت کئی اہم شخصیات بالی ووڈ اسٹار کی مخالفت پر اتر آئی ہیں لیکن کچھ لوگ سلمان خان کی حمایت میں بھی نکل چکے ہیں جن میں سابق حسینہ عالم ایشوریا رائے بچن بھی شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس کےمطابق ایشوریا نے ایک تقریب کے دوران کہا کہ سلمان خان کا ریو اولپمک کے لیے بطور خیر سگالی کے سفیر کا انتخاب ایک درست فیصلہ ہے کیونکہ اگر کوئی شخص ملک میں اچھا کام کررہا ہے تو اسے پورا حق ہے کہ وہ ملک کی نمائندگی کرے اور ایسے ہر شخص کی حمایت کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شوبز سے تعلق رکھتا ہے تو یہ شاندار موقع ہے اوراسے آگے بڑھانا چاہیے۔