ممبئی(نیوزڈیسک) سلمان خان کے فینز کو یہ بات تو معلوم ہی ہوگی کہ انھوں نے کبھی ولن کا کردار نہیں کیا اور اگر کبھی کوئی منفی کردار کیا بھی ہے تو وہ بھی ایک ایسے انسان کا جو اندر سے بہت نرم یا دل کا بہت اچھاہو، لیکن اب خبریں ہیں کہ سلمان ولن کا کردار ادا کرنے جارہے ہیں۔بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان کسی ایک نہیں بلکہ 2 فلموں”ریس 3” اور ”دھوم 4“ میں ولن کا کردار اداکرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان ایک کول اور اسٹائلش ولن کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، ایساکردار انھوں نے کبھی نہیں کیا۔ ”ریس 3“ میں ان کا منفی کردار تقریباً حتمی ہے جبکہ ”دھوم 4“ کے لیے ادتیہ چوپڑہ کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مسئلہ منافع کا ہے، کیونکہ سلمان خان دھوم 4 میں اپنا حصہ چاہتے ہیں، جس طرح عامر خان نے دھوم 3 میں حاصل کیا تھا۔ سلمان بھی منافع میں سے اتنا ہی حصہ حاصل کرنا چاہتے ہیں جتنا عامر خان کو دیا گیا تھا۔دوسری جانب یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ”ریس 3 “کی کاسٹ ابھی فائنل نہیں کی گئی اور نہ ہی اب تک فلم کے ڈائریکٹر کا اعلان کیا گیا ہے، لہذا ابھی رامیش تورانی کی پروڈکشن میں بننے والی ‘ریس 3’ میں سلمان کو بطور ولن دیکھنے کی باتیں قبل از وقت ہوں گی، لیکن ہاں یش راج فلمز کی پروڈکشن میں بننے والی ”دھوم 4“ میں دبنگ خان کو ولن کے روپ میں دیکھنے کی امید ضرور کی جاسکتی ہے۔