لاہور(نیوزڈیسک) بالی وڈاسٹارٹائیگر شیروف نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے وہ پروڈیوسرزکو ڈسکاؤنٹ دینے پر بھی رضامند ہوگئے۔یہ رضامندی انھوں نے گزشتہ روزاپنی نئی فلم ’’باغی ‘‘ کی تشہیری مہم کے سلسلہ میں کی جانے والی وڈیو کانفرنس کے دوران پاکستانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پران کے ہمراہ فلم کے ڈائریکٹرصابرخان بھی موجود تھے جبکہ فلم میں مرکزی کردارنبھانے والی ہیروئن شردھاکپورطبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے شرکت نہ کرسکیں۔ واضح رہے کہ بالی وڈ اسٹارزکی نئی فلم ’’ باغی‘‘ 29 اپریل کو آئی ایم جی سی گروپ کے تعاون سے پاکستانی سنیماؤں کی زینت بن رہی ہے۔ٹائیگر شیروف کا کہنا تھا کہ ’’ باغی‘‘ ایک دلچسپ کہانی پرمبنی فلم ہے۔ ٹائیگر شیروف کا کہنا تھا کہ وہ ہریتک روشن کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔ ساتھی فنکارہ شردھا کپور کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ اسکول اور کالج کے زمانے سے ڈانس اور ایکٹنگ کی چیمپئن ہیں۔ اسٹار بننے کے بعد بھی ان میں کوئی نخرہ نہیں آیا۔ انھوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں پاکستانی عوام کے پیار کا بدلہ دس گنا زیادہ پیار سے دوں۔اگلی فلم ’’ فلائنگ جٹ ‘‘ کی تشہیر کے لیے پاکستان ضرور آؤں گا۔ فلم کے ڈائریکٹرصابر خان نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ یہ فلم پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کی عوام کو بھرپور تفریح فراہم کرے گی کیونکہ دونوں ملکوں کے عوام کے جذبات اور حالات یکساں ہیں۔ انھوں نے پاکستانی فنکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کے بعد اب فلمیں بھی بھارتی عوام کے دل جیت رہی ہیں۔