ممبئی(نیوز ڈیسک)بولی ووڈ سپر سٹار سلمان خان آجکل اپنی نئی آنے والی فلم ”سلطان“کی شوٹنگ کے سلسلے میں بھارتی ریاست اتر پردیش میں موجود ہیں ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کی حکومت کی طرف سے سپر سٹار کوشوٹنگ کیلئے خصوصی اجازت دی گئی ہے تاہم اب ایسا دکھائی دیتا ہے جیسے ریاستی حکومت کو سپر سٹار کو فلم کی شوٹنگ کی اجازت دینا مہنگا پڑگیاہو۔سپر سٹارکاشمار بولی ووڈ انڈسٹری کے ٹاپ ستاروں میں کیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں انکے لاکھوں چاہنے والے انکی ایک جھلک دیکھنے کو بے قرار ہوتے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق سلمان خان بھارتی ریاست اتر پردیش میں موجود ہیں جہاں مظفرنگر کے ایک گائوں میں فلم کے سیٹ دبنگ خان کو دیکھنے کے لیے ان کے مداحوں کا سیلاب امڈ آیا جس پر ریاستی حکومت نے سلو میاں کے سیٹ کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا ہے جس کے بعد اب ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اداکار سلمان خان اورانکی فلم کے سیٹ کی سیکورٹی پر مامور ہیں۔علی عباس ظفر کی سلطان میں سلمان خان ہریانہ سے تعلق رکھنے والے معروف پہلوان سلطان علی خان کے روپ میں نظر آئیں گے ۔ سلمان خان کی سلطان رواں سال عید کے موقع پر نمائش کیلئے پیش کی جائے گی ۔