ممبئی(نیوزڈیسک) بولی وڈ فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ وہ کامیاب اداکار اور پروڈیوسر تو بن گئے، لیکن وہ ہدایت کاری سے خوف محسوس کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہدایت کاری مجھے ایک مشکل کام لگتا ہے، اگر مجھے ہدایت کاری کرنی ہو تو مجھے اس کے لیے اعتماد حاصل کرنے میں پانچ سال لگیں گے، مجھے اب ہدایت کاری سے خوف محسوس ہوتا ہے، کیونکہ مجھے نہیں پتہ کہ کب ’اوکے، کٹ‘ کہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا منصوبہ ہے کہ اگلے دو سے تین سال میں ہدایت کاری کے چند کورسز کرکے دیکھوں کہ کیمرے کے پیچھے سے کہانی بیان کرنا کتنا دلچسپ ہوتا ہے۔اپنی نئی آنے والی ’فین‘ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کا آئیڈیا ڈائریکٹر منیش شرما نے 7 سال قبل دیا تھا، لیکن پروڈیوسر آدیتیہ چوپڑا کے خیال میں اس وقت منیش میرے ساتھ اتنی بڑی فلم کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔شاہ رخ خان کی فلم ”فین“ 15 اپریل کو ریلیز ہورہی ہے۔