کراچی (این این آئی)پاکستان کی کامیاب فلم ’منٹو‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ صبا قمر جلد ہی ہندوستان میں اپنی ڈیبیو فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گی۔ڈراموں سے فلموں کی طرف آنے والی صبا قمر فی الحال پاکستانی فلم ’لاہور سے آگے‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔اپنی بولی وڈ ڈیبیو فلم کے حوالے سے صبا قمر نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پاکستانی فلم کی شوٹنگ ختم کرتے ہی ہندوستان روانہ ہوں گی جہاں وہ بولی وڈ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گی۔بولی وڈ ڈیبیو فلم میں وہ معروف اداکار عرفان خان کے ہمراہ کام کرتی نظر آئیں گی۔صبا کا کہنا تھا ’فلم میاں بیوی کی زندگی پر مبنی ہوگی، جس میں بیوی حاکمانہ مزاج کی ہوگی، میری فلم دپیکا پڈوکون کی فلم پیکو جیسی ہوگی۔ایلومیناتی فلمز کی پروڈکشن میں اس فلم کی ہدایت کاری ساکت چوہدری دیں گے۔صبا فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال جولائی میں کریں گی۔