ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ میں دبنگ گرل کے نام سے مشہور اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم پر بننے والی فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔بالی ووڈ میں مختلف کھیلوں میں کارہائے نمایاں دینے والے کھلاڑیوں کی زندگی پر فلم بنانے کا رجحان چل نکلا ہے جس میں اداکار عامر خان اور سلمان خان بھی پیش پیش ہیں تاہم اب اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم پر فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔اپنے انٹرویو میں سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ میں اسکول میں ٹیبل ٹینس اور والی بال کھیلتی رہی ہوں اسی لیے کسی بھی کھیل کی فلم میں کام کرنا پسند کروں گی جب کہ بھارت کی خواتین کی ٹیم اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے جس پر انتہائی دلچسپ فلم بنائی جاسکتی ہے اگر اس فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تو ضرور فلم کا حصہ بنوں گی۔واضح رہے کہ اداکارہ سوناکشی سنہا اپنی نئی آنے والی فلموں ’’اکیرہ‘‘ اور ’’فورس 2‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔