ممبئی (نیوز ڈیسک) شاہ رخ اور کاجل خان کی فلم ”دل والے“ شائقین کو زیادہ متاثر نہ کر سکی اور کچھ شاہ رخ خان کے خلاف بھارتیوں کے احتجاج نے بھی اس فلم کی کمائی پر برا اثر ڈالا جس کے باعث فلم کے ڈسٹری بیوٹرز بھی نقصان میں گئے تاہم شاہ رخ خان نے ایک انتہائی اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈسٹری بیوٹرز کو پہنچنے والے نقصان کا 50 فیصد ادا کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان اور کاجل کی فلم ”دل والے“ ریلیز سے قبل خبروں کی زینت بنی رہی اور ہر کوئی اس کا شدت سے انتظار کرنے لگا تاہم ریلیز کے بعد فلم کو شائقین کی جانب سے کچھ زیادہ پذیرائی نہ مل سکی اورخود شاہ رخ اور کاجل کی امیدوں پربھی پورا نہ اتری۔ اس فلم کے بارے میں اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ اتنی بڑی کاسٹ کے ساتھ یہ 200 کروڑ سے زیادہ کمائے گی لیکن بھارت بھر میں اس کی کمائی صرف 148 کروڑ روپے رہی اور اس وجہ سے ڈسٹری بیوٹرز کو بھی کافی نقصان کا سامنا کرناپڑا تاہم شاہ رخ خان نے ان ڈسٹری بیوٹرز کے زخموں پر مرہم رکھ دیا ہے اور انہیں ہونے والے نقصان کا 50 فیصد ادا کر دیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی جانب سے یہ بہترین اقدام اٹھایا گیا ہے اور کم ہی ہوتا ہے کہ کوئی پروڈیوسر ڈسٹری بیوٹرز کو نقصان کی ادائیگی کرے۔