لاہور(نیوزڈیسک )سلمان خان فلم بجرنگی بھائی جان میں ایک ایسی پاکستانی بچی کو اس کے وطن واپس چھوڑنے کے لئے اپنی جان جوکھم میں ڈالتے نظر آئے جو ٹرین چھوٹنے کی وجہ سے انڈیا میں رہ جاتی ہے۔ ایسی ہی ایک بھارتی لڑکی بھی پاکستان میں موجود ہے جو پندرہ سال سے پاکستان میں موجود ہے اور لگتا ہے کہ سلمان خان اب اصل زندگی میں بھی بجرنگی بھائی جان بننے جا رہے ہیں۔ گیتا کی واپسی کے لئے مشہور انسانی حقوق کے رہنما انصار برنی کوششیں کر رہے ہیں۔ ٹویٹر پر ان کے پیغام کے مطابق سلمان خان نے گیتا کی بھارت واپسی کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں اور فلم بجرنگی بھائی جان کے ڈائریکٹر کو گیتا کے خاندان کے بارے میں پتہ لگانے کی ہدایت دی ہے۔