اسلام آباد (این این آئی) پی ٹی اے نے سوشل میڈیا صارفین کو اپنے ڈیجیٹل فٹ پرنٹ کے تحفظ کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔جاری اعلامئے میں پی ٹی اے نے کہا ہے کہ صارفین سوشل میڈیا کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں اور ذمہ داری کے ساتھ معلومات شیئر کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق آن لائن دنیا میں اٹھایا جانے والا ہر قدم ایک ڈیجیٹل فٹ پرنٹ چھوڑتا ہے، جبکہ آن لائن پوسٹس، شیئرز اور سرچز صارف کی ڈیجیٹل شناخت کا مستقل حصہ بن جاتی ہیں۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ڈیجیٹل شناخت کے اثرات صارفین کی پرائیویسی اور ڈیجیٹل سیکیورٹی پر طویل عرصے تک مرتب ہو سکتے ہیں۔پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ طرزِ عمل اختیار کریں اور اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔















































