کراچی (این این آئی ) گوگل نے پاکستان میںزلزلے کی خبر دینے والا اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹ سسٹم متعارف کرادیا ہے۔یہ الرٹ سسٹم بلاقیمت ہے اوراینڈرائیڈ پلیٹ فارم کا ایک مددگار فیچر ہے جو دنیا بھر میں زلزلوں کا پتہ لگاتا اور لوگوں کو آگاہ کرتا ہے۔ یہ سسٹم زلزلے کی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے لیے فعال اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں موجود ایکسلرومیٹر (accelerometers)استعمال کرتا ہے
اور دو طریقوں سے لوگوں کوزلزلے کے بارے آگاہ کرتا ہے : ایک سرچ کے ذریعے اوردوسرا ڈیوائس کے ذریعے براہ راست۔یہ سسٹم گوگل سرچ کو تقریباً فوری طور پر (near-instant)معلومات فراہم کرتا ہے۔ جب لوگ ’’زلزلہ‘‘ یا ’’میرے نزدیک زلزلہ ‘‘دیکھتے ہیں تو اْنھیں متعلقہ نتائج ملتے ہیں اور ساتھ ہی اس بارے میں مددگار وسائل کے بارے میں بھی معلومات ملتی ہیں کہ زلزلے کے بعد کیا کرنا چاہیے۔ایسے صارفین جو یہ الرٹس وصول نہیں کرنا چاہتے وہ ڈیوائس کی ترتیبات(Settings) میں جا کر اسے بند کر سکتے ہیں۔ماضی میں،پاکستان بالخصوص شمالی اور مغربی حصوں میں متعدد زلزلوں کا سامنا کر چکا ہے۔ زلزلے کے اس سسٹم میں توسیع سے، پاکستان میں اینڈرائیڈ صارفین کو خودکار طور پرابتدائی وارننگ الرٹس موصول ہو سکتے ہیں جو اْنھیں ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہنے میں مدد دیتے ہیں۔موبائل آلات پر، اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹس سسٹم دو اقسام کے الرٹس دکھاتا ہے جن کا انحصار زلزلے کی شدت پر ہوتا ہے۔ہوشیا ر ہو جائیں( Aware Be) الرٹس4.5 شدت کا زلزلہ آنے پر لوگوں کو خبردار کرتا ہے یا پھر اس کی شدت موڈیفائیڈ مرکلی انٹین سٹی اسکیل (MMI) پر 3 یا 4 ہونے پر دکھاتا ہے۔ یہ اطلاع زلزلے کی مرکز سے فاصلے کی معلومات کے ہمراہ بھیجی جاتی ہے۔ الرٹ فون کے موجودہ والیوم، وائبریشن، اور ڈسٹرب نہ کریں کی ترتیبات استعمال کرتا ہے۔عمل کیجیے( Take Action) الرٹ ہے جو 4.5 سے زیادہ شدت یا 5 اور اُس سے زیادہ وسعت والے زلزلے کی صورت میں پوری اسکرین پر نظر آتا ہے۔ لوگوں کو ممکنہ طور پر شدید ارتعاش کے لیے تیار رہنے میں مدد کی غرض سے ہدایات پوری اسکرین پر دکھائی جاتی ہیں اور اُسی کے ساتھ فون بھی تیز آواز میں بجنا شروع ہو جاتا ہے۔اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک سسٹم پہلے نیوزی لینڈ اور یونان میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اب یہ قازقستان، کرغز جمہوریہ، فلپائن، تاجکستان، ترکیہ، ترکمانستان، امریکہ اور اْزبکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہے۔اپنی اینڈرائیڈ ڈیوائس پر معلوم کرنے کے لیے کہ یہ الرٹس آن ہیں یا نہیں سیٹنگز < لوکیشن < ایڈوانسڈ < ارتھ کوئیک الرٹس پر جائیں۔