لاہور (آن لائن) دنیا چاند پر پہنچ گئی ہے لیکن پاکستان میں مختلف امور کی سکیورٹی پر پرانے طریقہ کار ابھی تک رائج ہیں۔ جس کی مثال کیمپ جیل لاہور کی بیرونی دیوار کی پٹرولنگ کے لئے جیل انتظامیہ کی جانب سے نئی سائیکل کی خریداری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ
کیمپ جیل انتظامیہ جیل کی بیرونی دیوار کی پٹرولنگ کے لئے مخیر شہری کی جانب سے فراہم کی گئی موٹر سائیکل استعمال کر رہی تھی۔ جو چند ماہ قبل خراب ہوگئی مگر جیل انتظامیہ نے موٹر سائیکل کی مرمت کروانے کی بجائے بیرونی دیوار کی پٹرولنگ کیلئے 8 ہزار روپے مالیت کی ایک نئی سائیکل خرید لی ہے جس پر سوار ہو کر جیل اہلکار جیل کی بیرونی دیوار کی پٹرولنگ کیا کریں گے ۔سائیکل پر پٹرولنگ سے 20 منٹ خرچ ہوا کریں گے جبکہ موٹر سائیکل پر جیل اہلکار 5منٹ میں پٹرولنگ مکمل کرلیتے تھے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جیل انتظامیہ کے زیر استعمال موٹرسائیکل کی عدم مرمت فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ بتائی گئی ہے جبکہ پٹرولنگ کی مد میں جیل انتظامیہ کو سالانہ ایک لاکھ روپے کا بجٹ فراہم کیا جاتا ہے۔