اسلام آباد(ویب ڈیسک) کیا آپ نے کبھی کوئی سیارہ دریافت کرنے کے بارے میں سوچا ہے؟ یہ کام اتنا مشکل کام نہیں ہے جتنا آپ سمجھتے ہیں۔آسٹریلیا کی نیشنل یونیورسٹی کے ماہرینِ فلکیات کو نظامِ شمسی کے نویں سیارے کی تلاش کے لیے عوام کی مدد درکار ہے۔اس سیارے کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے
کہ وہ پلوٹو کے مدار کے باہر پایا جاتا ہے۔ ایک ویب سائٹ پر پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں سے سیارہ ڈھونڈ نکالنے والے شخص کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اس کا نام خود رکھ سکے۔اس ویب سائٹ پر خودکار دوربین سے لی گئی لاکھوں تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں، جن میں جنوبی نصف کرے کا آسمان دکھائی دیتا ہے۔ شمالی کرے کے آسمان کے لیے اسی قسم کی کھوج گذشتہ ماہ ناسا نے کی تھی۔ نیشنل یونیورسٹی کے ماہرِ فلکیات ڈاکٹر بریڈ ٹکر نے امید ظاہر کی کہ سیارہ نمبر 9 جنوبی کرے کے نسبتاً کم کھوجے گئے آسمان پر نظر آ جائے گا۔انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ‘اگر یہ سیارہ واقعی وجود رکھتا ہے تو یہ ان لاکھوں تصاویر میں سے کسی ایک میں پہلے ہی سے موجود ہے۔ ہم نے سوچا کہ ہم عوام کو بھی دعوت دیں کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر اسے ڈھونڈ نکالنے میں مدد دے۔’اگرچہ سیارہ دریافت کرنے والے سے رائے لی جائے گی، لیکن حتمی اختیار عالمی ادارۂ فلکیات آئی اے یو کے پاس ہے۔ ڈاکٹر ٹکر نے کہا کہ ‘میں ذاتی ووٹ ایک اور یونانی دیوتا کا نام ہے۔ یہ دیوتا ویسے بھی بہت زیادہ ہیں۔’