اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آئن سٹائن کو بیسویں صدی کا عظیم ترین سائنسدان کہا جاتا ہے اور آپ دنیا کے جس بھی کونے میں جائیں اس سائنسدان کی تصاویر کتابوں، سرکاری عمارتوں اور حتیٰ کہ لوگوں کی شرٹس پر بھی دیکھیں گے، لیکن چین میں لوگ اس لحاظ سے خصوصی طور پر خوش ہیں کہ ان کے پاس اس مشہور زمانہ سائنسدان کی صرف تصویر ہی نہیں ہے بلکہ انہیں ایک زندہ سلامت آئن سٹائن بھی میسر آ گیا ہے۔چینی نیوز ایجنسی xinhua کے مطابق یہ صاحب فوہیان ایگریکلچرل اینڈ فوریسٹری یونیورسٹی کے غیر ملکی استاد ہیں جن کی شکل و صورت، خصوصاً بال اور سفید مونچھیں، بالکل آئن سٹائن جیسی ہیں اور نہ صرف ان کے شاگرد ان کے بڑے مداح ہیں بلکہ چینی سوشل میڈیا پر یہ پروفیسر صاحب آئن سٹائن کے نام سے مشہور اور مقبول ہو چکے ہیں۔اڑسٹھ سالہ پروفیسر مانزو چین میں تین سال سے بطور استاد فرائض سر انجام دے رہے ہیں اوران کے شفیق اور ہنس مکھ رویے کی وجہ سے ہر کوئی انہیں پسند کرتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ خود ان کا بھی خیال ہے کہ وہ آئن سٹائن جیسے نظر آتے ہیں لیکن انہیں یقین نہیں آتا کہ وہ انٹرنیٹ پر اس قدر مقبول ہو چکے ہیں۔