نانجینگ(نیوزڈیسک)سولر امپلس نامی تجرباتی طیارہ مقامی وقت کے مطابق چین کے شہر نانجینگ سے نصف رات کے بعد 02:39 بجے روانہ ہوا تھابغیر ایندھن کے شمسی توانائی سے چلنے والے طیارے سولر امپلس کی بحرالکاہل کو عبور کرنے کی کوشش کو ترک کرنا پڑا ہے۔خراب موسم نے طیارے سولر امپلس کو اتارنے کے لیے جاپان جانے پر مجبور کردیا۔اس ایک سیٹ والے طیارے کے پائلٹ فضا میں 36 گھنٹے تک پرواز کرتے رہے جبکہ ایک اندازے کے مطابق چین سے امریکی ریاست ہوائی کے اس سفر میں وہ چھ دنوں تک پرواز کرنے والے تھے۔اب سولر امپلس کی ٹیم جاپان میں موسم کے اچھے ہونے اور صاف آسمان کا انتظار کرے گی تاکہ پھر سے بحرالکاہل کو عبور کرنے کی کوشش کی جائے۔موناکو میں کنٹرول روم سے اس طیارے کی پرواز پر نظر رکھنے والے پائلٹ برٹرینڈ پیکارڈ نے کہا: ’ہم لوگ احمق جانباز نہیں بلکہ ایکسپلورر ہیں۔ اور ہمارے لیے ہمارا تحفظ ہماری ترجیحات میں پہلے مقام پر ہے۔‘انھوں نے کہا :’طیارے کے ساتھ سب کچھ درست ہے لیکن موسم اس کے مطابق نہیں ہے۔ ہم ناگویا میں اتریں گے اور بہتر حالات کا انتظار کریں گے۔‘