اسلام آباد (نیوز ڈیسک )موسیقی کو عام طور پر تو باعث لطف اور تھکے ماندے ذہن کیلئے سکون قرار دیا جاتا رہا مگر ایک حالیہ تحقیق میں اسے باتیں بھولنے اور خصوصاً راستہ بھولنے جیسے مسائل کی وجہ بھی قرار دے دیا گیا ہے کیونکہ موسیقی اور یادداشت میں گڑ بڑ کا واضح تعلق سامنے آگیا ہے۔ جارجیا ٹیک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق موسیقی کی موجودگی میں توجہ قائم رکھنا مشکل ہوجاتا ہے اور دماغ خصوصاً ایسوسی ایٹو میموری میں گڑ بڑ کا شکار ہوجاتا ہے۔ایسوسی ایٹو میموری یادداشت کی وہ قسم ہے جس میں ہم چہروں یا تصاویر وغیرہ کو الفاظ کے ساتھ منسلک کرتے ہیں۔ مثلاً کسی کا چہرہ دیکھ کر اس کا نام ذہن میں ابھرنے کا عمل ایسوسی ایٹو میموری کے ذریعے ہوتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ جوان لوگوں کی یادداشت پر موسیقی کا اثر نسبتاً کم ہوتا ہے مگر عمر بڑھنے کا ساتھ اثرات شدید ہوتے جاتے ہیں۔ عمر رسیدہ افراد موسیقی کی موجودگی میں کسی کا چہرہ دیکھ کر اس کا نام یاد نہیں کرپاتے۔ اسی طرح جوان لوگ اگر موسیقی کے ساتھ پڑھنے کی کوشش کریں تو ان کی کارکردگی متاثر ہوگی، اگر آپ نے گاڑی میں موسیقی چلا رکھی ہے یا موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہینڈفری کانوں میں لگا کر موسیقی سے لطف اندوز ہورہے ہیں تو عدم توجہی کے باعث حادثہ ہوسکتا ہے جبکہ موسیقی کی وجہ سے راستہ بھولنے کا امکان تو خاصا زیادہ پایا گیا ہے۔
مزید پڑھئے:وہ ملک جہاں نصف آبادی کے پاس’فل ٹائم‘ نوکری نہیں ہے