نیویارک(نیوزڈیسک)مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہاہے کہ انسانیت کو آئندہ 20 سالوں کے دوران نیوکلیئر جنگ اور زلزلوں سے زیادہ ایبولا جیسی کسی تیزی سے پھیلنے والی بیماری سے خطرہ ہے۔واکس کو دیتے گئے اپنے ایک انٹرویو میں 59 سالہ ارب پتی کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی کے دوران ایسا ہونے کے 50 فیصدسے بھی زیادہ امکانات موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایبولا جس تیزی سے پھیلا اس سے ہمیں پتہ چل چکا ہے کہ ہم اس طرح کی بیماریوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسی بیماریاں بھی منظر عام پر آسکتی ہیں جو ایبولا سے کئی گنا زیادہ خطرناک ہوسکتی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان بیماریوں سے ہر سال ایک کروڑ سے زائد افراد تک ہلاک ہوسکتے ہیں۔ایبولا انسانوں اور جانوروں میں پایا جانے والا ایک ایسا مرض ہے جس کے شکار افراد میں دو سے تین ہفتے تک بخار، گلے میں درد، پٹھوں میں درد اور سردرد جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں اور وہ قے، ڈائریا اور خارش وغیرہ کا شکار ہوجاتے ہیں، جبکہ جگر اور گردوں کی کارکردگی بھی گھٹ جاتی ہے۔یہ مرض 1976 میں سب سے پہلے سوڈان میں ظاہر ہوا تھا اور 2013 تک اس کے صرف 1716 واقعات سامنے آئے تاہم رواں برس یہ مغربی افریقہ میں ایک وبا کی شکل میں سامنے آیا اور گیانا، سیریا لیون، لائبریا اور نائیجریا اس سے سب سے متاثر ہوئے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں