کیلیفورنیا(نیوز ڈیسک ) فیس بک کمپنی اپنے پلیٹ فارم پر ایسی ویڈیو سہولیات پر کام کررہی ہے جس میں آپ کسی تھری ڈی گیم کی طرح گھوم سکیں گے اور اسے ” کروی ویڈیوز“ (spherical videos) کا نام دیا گیا ہے۔فیس بک کے سی ای اومارک زکربرگ نے سان فرانسسکو میں ہونے والی کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ویڈیو کو کم ازکم 24 کیمروں سے فلمایا جائے گا اور آپ اس ویڈیو کو مختلف زاویوں سے دیکھ سکیں گے، فیس بک نیوز فیڈ میں 360 ڈگری کی ویڈیوز شامل کی جائیں گی یعنی اس ویڈیو کو ہر طرح کے زاویوں سے دیکھنا ممکن ہوگا۔مارک زکربرگ نے کہا کہ ورچوئل ریئلیٹی اور آگمینٹڈ ریئلیٹی پر مبنی ویڈیوز ہی انٹرنیٹ کا مستقبل ہیں جس میں لوگ اپنی اسکرین پر کسی بھی منظر کو حقیقی معنوں میں اس طرح دیکھ سکیں گے کہ وہاں انہیں اپنی موجودگی کا گمان ہوگا خواہ وہ کسی ہال میں موجود ڈائنوسار کا ماڈل ہو یا لڑائی کا میدان۔ زکربرگ کے مطابق فیس بک ویڈیوز کے لیے ہیلمٹ نما ڈسپلے پہننے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ وہ عام اسکرین اور فون پر دیکھی جاسکے گی۔فیس بک کے مطابق اس کی ویب سائٹ پر 1.3 ارب افراد موجود ہیں اور وہ ہرروز کم ازکم 3 ارب ویڈیوز دیکھتے ہیں اسی طرح ہیڈ سیٹ کے ذریعے بھی ان ویڈیوز کو دیکھنا ممکن ہوگا۔واضح رہے کہ ہیڈسیٹ کو چہروں پر پہنا جاتا ہے اور پہننے والوں کو گمان ہوتا ہے کہ وہ واقعی اس ماحول میں موجود ہیں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں