اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ سیاسی مذاکرات کبھی بھی یک طرفہ یا غیر مشروط بنیادوں پر نہیں ہوتے بلکہ فریقین کو کچھ لو اور کچھ دو کے اصول کے تحت آگے بڑھنا پڑتا ہے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو رہا کیا جانا چاہیے، کیونکہ خواتین خصوصاً بہنوں اور بیٹیوں کا احترام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ ان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن تجربہ کار سیاستدان ہیں اور ان کی بات کو اہمیت دی جانی چاہیے، اس لیے ان کے ساتھ بھی بات چیت کا راستہ اختیار کیا جانا ضروری ہے۔صوبہ ہزارہ کے مطالبے کا ذکر کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ یہ معاملہ ان کا دیرینہ مطالبہ ہے،
جس کیلئے ماضی میں بڑی قربانیاں دی جا چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث صوبہ ہزارہ کے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ سیاسی معاملات کو احتجاج کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔کیپٹن (ر) محمد صفدر نے ایک بار پھر مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات میں بات چیت کا عمل باہمی مفاد اور سمجھوتے کی بنیاد پر ہی کامیاب ہوسکتا ہے۔



















































