راولپنڈی(این این آئی) خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز ملیحہ سحر پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں پولیس نے ان کے شوہر جواد علی کو گرفتار کرلیا،
عدالت نے ملزم کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔مقدمہ تھانہ ویمن راولپنڈی میں اے ڈی سی ہیڈکوارٹرز ملیحہ سحر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون افسر نے الزام عائد کیا کہ انہیں کئی ماہ سے جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا سامنا تھا۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ 2 اکتوبر کی شام شوہر نے مبینہ طور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، موبائل فون چھین کر کمرے میں بند کر دیا اور اہلخانہ سے رابطے، بچوں سے ملاقات اور پولیس سے مدد لینے سے روکا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ دھمکیوں اور نفسیاتی اذیت کا سلسلہ 3 اکتوبر کو بھی جاری رہا، جبکہ شوہر کی جانب سے جان سے مارنے اور بچوں کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔پولیس نے ملزم جواد علی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے اسے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔



















































