اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے ایک اور سلسلے کی پیش گوئی کر دی ہے، جو اتوار سے منگل تک جاری رہ سکتا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق 25 جنوری کو مغربی ہواؤں کا نیا نظام ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو اگلے روز یعنی 26 جنوری کو مزید علاقوں تک پھیل جائے گا۔ اس سسٹم کے باعث موسم میں سردی اور نمی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 25 اور 26 جنوری کے دوران بلوچستان اور سندھ کے متعدد علاقوں میں بارش جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ 26 سے 27 جنوری کے درمیان گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں بھی بارش اور برف پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پیش گوئی کے مطابق مری، گلیات، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور بالخصوص سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھا جائے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔















































