اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 23 جنوری تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق مری، گلیات اور دیگر بلند و بالا علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال اور ملتان ڈویژن میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب نے صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مری میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مکمل طور پر تیار رہیں، جبکہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔















































