اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تھانہ پیرودھائی پولیس نے دو روز قبل نالہ لئی سے ملنے والے نوجوان کی لاش کے اندھے قتل کا سراغ لگا کر ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق نوجوان کو مبینہ طور پر شادی شدہ بھانجی سے تعلقات کے شبہے میں اغوا کر کے قتل کیا گیا، بعد ازاں لاش نالہ لئی میں پھینک دی گئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم عبدالباسط نے اپنی بھانجی اور اس کے شوہر کے ساتھ مل کر مقتول کو پہلے اغوا کیا، پھر رسی کا پھندا ڈال کر جان سے مار دیا۔ واقعے کے بعد ملزمان نے شواہد مٹانے کی غرض سے لاش نالہ لئی میں پھینک دی۔ پولیس نے دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے شروع کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 26 اکتوبر کو فضل غفار نے تھانہ پیرودھائی میں درخواست دی تھی کہ اس کا بھانجا سلیم گل، جو اس کے ساتھ اعوان چوک میں رہائش پذیر تھا، گزشتہ چھ دن سے پراسرار طور پر لاپتہ ہے۔ اہلِ خانہ نے اپنی سطح پر تلاش کی، تاہم کوئی سراغ نہ مل سکا، جس پر پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا۔
دو روز قبل مغوی کی لاش نالہ لئی سے برآمد ہوئی، جس پر قتل کی تفتیش کو مزید وسعت دی گئی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے تو معلوم ہوا کہ مقتول سبزی منڈی میں کام کرتا تھا، جہاں عبدالباسط سمیت دیگر افراد بھی ملازم تھے۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ مقتول کے عبدالباسط کی شادی شدہ بھانجی سے مبینہ تعلقات تھے، جس پر شبہ کی بنیاد پر یہ واردات کی گئی۔
پولیس نے مرکزی ملزم عبدالباسط کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ اس کی بھانجی اور اس کے شوہر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے سخت سزا دلوائی جائے گی۔















































