لاہور (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کا لاہور میں 5اگست کو احتجاج کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں پلان بی سامنے آگیا ۔ ذرائع کے مطابق بڑے احتجاج یا جلسے کی اجازت نہ ملنے پر حلقوں میں احتجاج کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق تحریک انصاف پانچ اگست کو پنجاب کے ہر حلقے میں احتجاج کرے گی اور تمام حلقوں میں احتجاج کی فوٹیج قیادت کو بھیجی جائے گی جبکہ 5اگست کے بعد بڑے شہروں میں احتجاج کی کال دی جائے گی۔احتجاجی تحریک کے حوالے سے ڈویژنل تنظیم اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت جاری کر دی گئیں جبکہ 5اگست سے قبل یوسی سطح پر تنظیم سازی مکمل کرکے قیادت کو رپورٹ کی ہدایت بھی کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق احتجاج نہ کرنے والے عہدداروں کے خلاف باقاعدہ کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دیئے جانے کا امکان نہیں۔